jahaneimroz
Chief editor Faizullah Durrani

گورنر راج لگانے پر ردعمل آئے گا اور بہت سے لوگوں کو بہا کر لے جائے گا، جنید اکبر

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ہم تو کہتے ہیں گورنر راج لگا پھر ہم جانیں اور گورنر جانے، پی ٹی آئی رہنما کی گفتگو

پشاور(اے ایف بی) پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخواہ میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کے پی حکومت پر شب خون مارا گیا تو ایسا طوفانی ردِعمل آئے گا جو کئی لوگوں کو بہا کر لے جائے گا۔ ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ ہم ڈر جائیں گے، گورنر راج لگانے پر ایسا زبردست ری ایکشن آئے گا کہ بہت سے لوگوں کو اپنے ساتھ بہا کر لے جائے گا، ہم تو کہتے ہیں کہ لگائیں گورنر راج! پھر ہم جانیں اور گورنر جانے، ایک طرف ہمارے قائد عمران خان پر جعلی اور من گھڑت مقدمات بنائے گئے ہیں اور ان کی بزرگ بہنوں تک کو جیلوں میں قید کر کے رکھا گیا ہے، دوسری طرف ہم سے توقع کی جاتی ہے کہ ہم لانگ مارچ بھی نہ کریں؟۔عدلیہ کی موجودہ صورتِ حال اور فیصلے پر سخت تنقید کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 15ویں نمبر والے جج کو چیف جسٹس بنا کر ہمیں کہا جا رہا ہے کہ عمران خان کا فیصلہ عدالتیں کریں گی اور ہمارا اس سے کوئی لینا دینا نہیں، اس قسم کے فیصلوں کو قوم اور تحریکِ انصاف کسی صورت قبول نہیں کرے گی، وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی ڈٹ کر کھڑے ہیں اور ان کا تحفظ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اگر کے پی میں ایمرجنسی یا گورنر راج کا نفاذ ہوا تو ہم تمام اسمبلیوں سے اجتماعی استعفے دے دیں گے۔جنید اکبر خان نے پارٹی کے آئندہ کے سخت اور حتمی لائحہ عمل کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ اب ہم چاہتے ہیں کہ ونس فار آل فیصلہ ہو جائے، انہوں نے ہمیں پھانسی دینی ہے تو دے دیں، یا مارنا ہے تو مار دیں، ہم نے جتنی بار بھی مفاہمت کی کوشش کی انہوں نے ہماری شرافت کو ہماری کمزوری سمجھا، ہمارا ورکر ہم سے شدید ناراض ہے کہ ہم دو سال میں عمران خان کی رہائی کے لیے کچھ نہیں کرسکے، اب جو ہونا ہے ہو جائے، حکومت جاتی ہے تو جائے، ہم ہر قسم کے نتائج کا سامنا کرنے کے لیے ذہنی طور پر مکمل تیار ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More