واشنگٹن (جہان امروز نیوز ):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں وائٹ ہائوس کاریسپانڈنٹس ایسوسی ایشن ڈنر کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں صدر ٹرمپ محفوظ رہے جبکہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں منعقد ہونے والی سالانہ وائٹ ہاؤس کاریسپانڈنٹس ڈنر تقریب مقامی وقت کے مطابق ہفتے کی شب اس وقت منسوخ کر دی گئی جب ہوٹل میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ کو ہیڈ ٹیبل سے فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا جبکہ تقریب میں شریک تمام افراد محفوظ رہے۔تقریب کے اندر سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شرکا صدر کے انخلا کے دوران حفاظتی اقدامات کے تحت جھک گئے۔

رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ اور دیگر اہم شخصیات کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ سکیورٹی اداروں نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ۔قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یہ پہلا موقع تھا کہ صدر ٹرمپ بطور صدر اس تقریب میں شریک ہوئے اور انہیں خطاب بھی کرنا تھا۔ محفوظ مقام پر منتقل کی جانے والی دیگر شخصیات میں ایوانِ نمائندگان کے سپیکر مائیک جانسن اور نائب صدر جے ڈی وینس بھی شامل تھے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں سیکرٹ سروس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فوری اور بہادری سے کارروائی کی۔انہوں نے کہاکہ واشنگٹن میں ایک غیر معمولی شام رہی، سیکرٹ سروس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شاندار کام کیا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے تقریب جاری رکھنے کی سفارش کی تھی تاہم وہ مکمل طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایات پر عمل کریں گے۔وائٹ ہاؤس کاریسپانڈنٹس ایسوسی ایشن کی صدر ویجیا جیانگ نے شرکا کو بتایا کہ پروگرام کو بعد میں کسی وقت دوبارہ منعقد کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *