کوئٹہ:صوبائی خبر
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ماحولیاتی بہتری اور توانائی کے مؤثر استعمال کے لیے اہم اقدامات کی منظوری دے دی گئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) بورڈ کا آٹھواں اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعدد اہم پالیسی فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں اصولی طور پر فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں چلنے والی گرین اور پنک بسوں کو مرحلہ وار الیکٹرک بسوں میں تبدیل کیا جائے گا، تاکہ شہری آلودگی میں کمی لائی جا سکے اور عوام کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس کے ساتھ ساتھ چیف منسٹر سیکرٹریٹ کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جس کا مقصد توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینا اور سرکاری اخراجات میں کمی لانا ہے۔

اجلاس میں مفادِ عامہ اور ادارہ جاتی کارکردگی کے فروغ کے لیے مختلف منصوبوں کی منظوری دی گئی، جبکہ بلوچستان میں نجی شراکت داری کے تحت ایک انشورنس کمپنی کے قیام پر بھی اتفاقِ رائے پایا گیا۔

مزید برآں، نجی شعبے سے سرمایہ کاری کے حصول اور شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے باضابطہ پیشکشیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا، تاکہ ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتار اور پائیدار بنیادوں پر مکمل کیا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے نہ صرف ترقیاتی منصوبوں میں تیزی آئے گی بلکہ معیشت کو استحکام اور روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت توانائی کے متبادل ذرائع اور ماحول دوست پالیسیوں کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دے رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *