jahaneimroz
Chief editor Faizullah Durrani

کوئٹہ، سکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کے الگ الگ آپریشنز، کمانڈر نقیب سمیت 9 دہشتگرد ہلاک

مستونگ میں کواڈ کاپٹر کے ذریعے گاڑی کو نشانہ بنا کر 3 دہشتگرد مارے گئے

کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور دیگر کالعدم تنظیموں کے خلاف سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بھرپور اور فیصلہ کن کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جن کے دوران دو مختلف کارروائیوں میں اہم کمانڈر سمیت کل 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع مستونگ میں کی جانے والی ایک کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کی مشکوک گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا۔ اس دقیق کارروائی کے نتیجے میں دہشتگردوں کا اہم کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ ان کی زیرِ استعمال گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے عزم مصمم جاری ہے اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔دوسری جانب پشین کے علاقے سرانان میں کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے ایک مصدقہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او)کیا، جہاں فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 6 مبینہ دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق اس کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران محکمہ کے 4 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ ہلاک شدہ دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر ہونے والے مختلف حملوں میں انتہائی مطلوب اور ملوث تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More