کوئٹہ، مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی دہشت گردوں کے لیے واضح پیغام ہے، میر سرفراز بگٹی
دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور آخری دہشت گرد کے قلع قمع تک ریاستی کارروائیاں جاری رہیں گی، وزیراعلی بلوچستان
کوئٹہ(ویب نیوز) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی اداروں کی بروقت اور مثر کارروائیاں امن دشمن قوتوں کے لیے واضح پیغام ہیں۔
ایک بیان میں وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف بروقت اور موثر کارروائی کرکے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے، جس پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی ریاستی اداروں کے مضبوط عزم کا مظہر ہے، دہشت گرد عناصر کے خلاف مثر کارروائیاں بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے حکومت اور ریاستی اداروں کے پختہ عزم کی عکاس ہیں۔
وزیراعلی نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات قابلِ قدر ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاستی اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔