کوئٹہ(کرائم رپورٹر )ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق کوئٹہ میں موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی وارداتوں میں ملوث عناصر کے خلاف جاری کریک ڈان کے دوران بروری پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

گرفتار ملزمان کی شناخت قاہر ولد کلیم اللہ (قوم کاکڑ، رہائشی ژوب) اور ابراہیم ولد محمد جان (قوم ملاخیل، رہائشی نواں کلی کوئٹہ) کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس نے کامیاب آپریشن کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک مسروقہ راوی موٹر سائیکل (ماڈل 2022) برآمد کر لی ہے، جس کا انجن نمبر E22HPH1559 اور چیسس نمبر F22HPH1568 ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ دورانِ تفتیش گرفتار ملزمان نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ تین روز قبل انہوں نے کینٹ ایریا ہزارہ سوسائٹی سے ایک ہنڈا 125 موٹر سائیکل بھی چوری کی تھی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

ملزمان نے کوئٹہ شہر کے مختلف دیگر علاقوں میں بھی موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے مجرمانہ ریکارڈ اور دیگر مقدمات میں مطلوب ہونے کے حوالے سے شہر کے مختلف تھانوں سے مزید چھان بین اور تفتیش کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *