کوئٹہ(سٹاف رپوٹر) بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان نے محمود خان اچکزئی کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ اور پشتون دو جسم ایک جان ہیں، جنہیں کوئی بھی قوت الگ نہیں کر سکتی

اپنے ایک بیان میں ترجمان بی اے پی نے کہا کہ محمود خان اچکزئی ایک سیاسی کاروباری شخصیت ہیں، جو جب بھی اپنی سیاست اورکاروبار کو کمزور محسوس کرتے ہیں تو بلوچ اور پشتون برادر اقوام کے درمیان اختلافات اور نفرت پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کو اقوام کے درمیان ہم آہنگی اور ملک کی ترقی و خوشحالی سے کوئی سروکار نہیں ترجمان نے کہا کہ بلوچ اور پشتون صدیوں سے برادر اقوام ہیں اور ان کے درمیان بھائی چارہ اور باہمی احترام کی مضبوط روایت قائم ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کے درمیان نفرت پھیلانے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا بیان میں کہا گیا کہ محمود خان اچکزئی کا نفرت انگیز سیاست کو ہوا دینا ایک پرانا وطیرہ ہے اور برادر اقوام میں تقسیم پیدا کرنا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے

نفرت، انتشار اور بھائی چارے کو نقصان پہنچانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی بلوچ اور پشتون باشعور اقوام ہیں اور انہیں لڑانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔

محمود خان اچکزئی ذاتی مفادات کے لیے بار بار تقسیم کی سیاست کو فروغ دیتے ہیں، تاہم عوام ان کے عزائم کو بخوبی سمجھتے ہیں بلوچستان عوامی پارٹی برادر اقوام پشتون اور بلوچ کے درمیان اتحاد، یگانگت اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور کسی کو بھی نفرت کی سیاست کے ذریعے عوام کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *