واشنگٹن (رائٹرز): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو 2028 کے صدارتی انتخابات میں ایک ٹیم کے طور پر میدان میں اترتے ہیں تو انہیں شکست دینا انتہائی مشکل ہوگا۔
بدھ کو نشر ہونے والے ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں ٹرمپ نے صحافی مرانڈا ڈیوائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، “میرا خیال ہے کہ جے ڈی اور مارکو کی ٹیم کو ہرانا بہت مشکل ہوگا۔ یہ انسانی تعلقات کا دلچسپ پہلو ہے، میں انہیں ایک ساتھ دیکھتا ہوں، دونوں کے درمیان بہترین ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔”
جے ڈی وینس اور مارکو روبیو دونوں کو 2028 میں ریپبلکن پارٹی کی صدارتی نامزدگی کے ممکنہ امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں وائٹ ہاؤس کی بریفنگز میں مارکو روبیو کی کارکردگی کو ریپبلکن رہنماؤں کے ساتھ ساتھ بعض ڈیموکریٹس کی جانب سے بھی سراہا گیا، جہاں انہوں نے ایران کے ساتھ مذاکرات کی صورتحال بیان کرنے کے لیے 1990 کی دہائی کے ہپ ہاپ کلچر کا حوالہ بھی دیا۔
صدر ٹرمپ مسلسل اپنے جانشین کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو تقویت دے رہے ہیں، حالانکہ وینس اور روبیو دونوں 2028 کے انتخابات کے لیے اپنی ممکنہ صدارتی خواہشات کو کم اہمیت دیتے رہے ہیں۔
دونوں رہنما وائٹ ہاؤس کی بریفنگز میں باری باری ٹرمپ انتظامیہ کا دفاع کرتے رہے ہیں، جہاں انہیں ایران جنگ سمیت مختلف حساس معاملات پر سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔
اگرچہ نومبر 2028 کے صدارتی انتخابات کے لیے ابھی تک کسی امیدوار نے باضابطہ طور پر انتخابی مہم کا آغاز نہیں کیا، تاہم سیاسی صف بندی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے ممکنہ امیدوار بھی آئندہ صدارتی دوڑ کے لیے اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جبکہ ٹرمپ کے بعد ریپبلکن قیادت کے لیے مقابلہ کھلا دکھائی دے رہا ہے۔
