کوئٹہ کے سول ہسپتال میں او پی ڈی کی بندش سے غریب مریض شدید مشکلات سے دوچار، عوامی حلقوں کی تشویش

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر )سول ہسپتال کوئٹہ میں ڈاکٹروں کے جاری احتجاج اور او پی ڈی سروسز کی مکمل بندش کے باعث دور دراز سے آنے والے غریب اور نادار مریض شدید ترین مشکلات سے دوچار ہو گئے ہیں۔

مختلف عوامی اور سماجی حلقوں نے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتالوں میں علاج و معالجے کی معطلی سے حکومت یا مقتدر حلقوں کو کوئی فرق نہیں پڑتا، بلکہ اس احتجاج سے صرف اور صرف وہ عام شہری اور لاچار مریض متاثر ہو رہے ہیں جو نجی ہسپتالوں کے مہنگے علاج کے اخراجات برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔

شہریوں اور مریضوں کے لواحقین نے حکومت اور ڈاکٹروں کی تنظیموں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ جب تک سول ہسپتال میں جاری احتجاج اور بائیکاٹ کا سلسلہ ختم نہیں ہوتا، تب تک ڈاکٹر حضرات متبادل کے طور پر غریب مریضوں کا معائنہ اور علاج اپنے نجی ہسپتالوں و کلینکس میں مفت فراہم کریں تاکہ انسانیت کو درپیش اس کٹھن مشکل میں کمی لائی جا سکے۔

واضح رہے کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر مبینہ تیزاب گردی کے افسوسناک واقعے کے بعد طبی عملے کے تحفظ اور دیگر مطالبات کے حق میں ڈاکٹرز نے شدید احتجاج کرتے ہوئے او پی ڈی سروسز کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *