گوادر (نمائندہ خصوصی )ساحلی شہر گوادر کے سرحدی علاقے سنٹسر میں مسلح افراد کی جانب سے پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع سے ملنے والی ابتدائی معلومات کے مطابق، نامعلوم مسلح افراد نے سنٹسر کے مقام پر قائم پولیس کی حفاظتی چیک پوسٹ پر اچانک حملہ کیا اور وہاں موجود پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا کر ان کا سرکاری اسلحہ اور ڈیوٹی پر موجود سرکاری گاڑی چھین لی، جس کے بعد حملہ آور اسلحے اور گاڑی سمیت موقع سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دی گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پورے علاقے کی شدید ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور فرار ہونے والے مسلح ملزمان کی گرفتاری، چھینے گئے سرکاری اسلحے اور گاڑی کی برآمدگی کے لیے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم آخری اطلاعات آنے تک کسی گرفتاری یا جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
