کوئٹہ(پ ر) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ویژن کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ رکشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ بلوچستان اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ نعمت اللہ ترین اور ایس پی ٹریفک صدر سرکل عاصم شاہ کی نگرانی میں آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس کی مشترکہ ٹیم نے کوئلہ پھاٹک میں خصوصی کارروائی کرتے ہوئے متعدد غیر قانونی رکشوں کو تحویل میں لے کر بند کر دیا۔

کارروائی کے دوران رکشوں کے کاغذات، رجسٹریشن اور قانونی حیثیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق شہریوں کو محفوظ، معیاری اور منظم سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے غیر قانونی ٹرانسپورٹ کے خلاف بلاامتیاز اقدامات جاری رہیں گے۔

حکام نے واضح کیا کہ بغیر رجسٹریشن، جعلی دستاویزات یا غیر معیاری رکشے نہ صرف ٹریفک نظام میں رکاوٹ کا باعث بنتے ہیں بلکہ عوام کی جان و مال کے لیے بھی خطرات پیدا کرتے ہیں۔

ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اس موقع پر رکشہ مالکان کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے تمام قانونی دستاویزات مکمل رکھیں، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور فٹنس کو یقینی بنائیں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔

خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کو بھی ضبط کیا جا سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *