عمرہ ویزے کی آڑ میں ملازمت کیلئے سعودیہ جانے کی کوشش، کراچی سے مسافر گرفتار

عمرہ ویزے کی آڑ میں ملازمت کیلئے سعودیہ جانے کی کوشش، کراچی سے مسافر گرفتار

جعلی ویزوں پر ساؤتھ افریقا کے 2 مسافروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا
کراچی ..وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن سرکل نے کراچی ایئر پورٹ سے عمرہ ویزے پر سعودیہ جانے والے مسافر مزمل کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق سعویہ جانے والا مسافر مزمل پاسپورٹ میں جعلسازی کر کے ملازمت کی غرض سے سعودی عرب جا رہا تھا جبکہ جعلی ویزوں پر ساؤتھ افریقا کے 2 مسافروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق مسافر محمد مزمل عمرے کے ویزے پر سعودی عرب کا سفر کر رہا تھا، ملزم کے پاسپورٹ پر درج معلومات غلط نکلیں، ملزم کا پیدائشی علاقہ لودھراں ہے لیکن جعل ساز ملزم نے جائے پیدائش سرگودھا کو ظاہر کر رکھا تھا۔حکام کے مطابق ملزم سے مزید پوچھ گچھ کے دوران پتہ چلا کہ اس نے بہاولپور کے رہائشی اشعر نامی ایجنٹ سے ساڑھے 3 لاکھ روپے میں عمرہ ویزا اور اقامہ کی ڈیل کی تھی، ڈیل کے تحت ملزم کو سعودی عرب پہنچنے پر اقامہ دیا جانا تھا۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم کو مزید قانونی کاروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگل سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔امیگریشن پولیس نے 2 مسافروں قربان علی اور محمد تہران کو پاکستانی پاسپورٹ پر جعلی ویزوں پر ساؤتھ افریقا جانے کی کوشش کے دوران گرفتار کر لیا ہے۔ملزمان حیدر آباد سے تعلق رکھتے ہیں جن سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں