jahaneimroz
Chief editor Faizullah Durrani

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا “آپریشن ردالفتنہ 3″، مختلف کارروائیوں میں 12 دہشت گرد ہلاک

بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد، صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

کوئٹہ(آئی ایس پی آر )پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز نے آئی ایس پی آر(انٹر سروسز پبلک ریلیشنز)کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری “آپریشن ردالفتنہ 3” کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں اہم کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے مجموعی طور پر 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائیاں کوئٹہ کے مضافاتی علاقوں، جن میں عاصم آباد، کمبیلہ اور دیگر حساس پہاڑی علاقے شامل ہیں، کے علاوہ مستونگ اور واشک کے مختلف مقامات پر کی گئیں، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی اور سرگرمیوں کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں میں پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے جدید انٹیلی جنس، فضائی نگرانی اور زمینی آپریشنز کے ذریعے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں دہشت گردوں کو گھیرے میں لے کر بھرپور کارروائی کی، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور 12 دہشت گرد مارے گئے آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی، تخریب کاری، سیکیورٹی فورسز پر حملوں، شہریوں کو نشانہ بنانے، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

ان دہشت گردوں کی موجودگی کے باعث مقامی آبادی کو بھی شدید خطرات لاحق تھے بیان کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے کئی اہم خفیہ ٹھکانے، بنکرز، اسلحہ ڈپو اور سپلائی لائنز تباہ کر دی گئیں، جبکہ وہاں سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، خودکار رائفلیں، راکٹ لانچر، دستی بم، بارودی مواد، آئی ای ڈیز بنانے کا سامان، مواصلاتی آلات، گولہ بارود اور دیگر جنگی سازوسامان بھی برآمد کیا گیا، جسے قبضے میں لے لیا گیا آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے بعد فورسز نے پورے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے تاکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو بھی گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔

حساس علاقوں میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی دہشت گرد کو فرار ہونے کا موقع نہ مل سکے سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے گردونواح اور بلوچستان کے دیگر اضلاع میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، اور مختلف مقامات پر نگرانی کا نظام مزید مثر بنایا جا رہا ہے۔ فورسز کو جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھیں گی اور ملک دشمن عناصر، ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک بلوچستان سمیت پورے ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی نہیں بنا لیا جاتا ادھر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کامیاب کارروائی پر پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور قربانیاں قوم کے لیے باعث فخر ہیں اور دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی آپریشن کی کامیابی پر پاک فوج، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی اور حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام اداروں کو ہر ممکن وسائل فراہم کرتی رہے گی آئی ایس پی آر نے اپنے اختتامی بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی سلامتی کے تحفظ، عوام کے جان و مال کے دفاع اور پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کرتے رہیں گے، اور ملک دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More