کوئٹہ(جہان امروز) صوبائی دارالحکومت کا علاقہ سریاب روڈ ایک بار پھر لہو سے رنگ گیا، جہاں فوڈ پانڈا کے ڈیلیوری رائیڈر حزب اللہ ساسولی بلوچ کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ یہ المناک واقعہ نہ صرف ایک غریب خاندان کے لیے قیامت بن کر ٹوٹا ہے بلکہ اس نے شہر کے باسیوں میں خوف، ہراس اور بے بسی کی فضا کو مزید گہرا کر دیا ہے۔
اس لرزہ خیز واقعے کے بعد شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ عوامی حلقوں کی جانب سے یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ پولیس، ایف سی اور سیف سٹی کے اربوں روپے مالیت کے کیمرے ایسے مواقع پر کہاں غائب ہو جاتے ہیں؟ عوام کا مطالبہ ہے کہ اگر سیکیورٹی کے بلند و بانگ دعوے موجود ہیں تو پھر ان لرزہ خیز واقعات کا تدارک کیوں نہیں ہو پا رہا، اور معصوم شہریوں کی جانیں کب تک اسی طرح ارزاں رہتی رہیں گی۔
