ٹیکس ایڈوائزرز کاگوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا خیر مقدم
سسٹم پر غیر ضروری دبا ئوسے بچنے کیلئے پیشگی اقدامات کیے جائیں'صدر میاں عبد الغفار
لاہور( این این آئی)ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی مقررہ تاریخ میں توسیع کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے ٹیکس دہندگان کے لیے ریلیف قرار دیا ہے۔صدر میاں عبد الغفار اورجنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ایف بی آر کے آن لائن سسٹم میں مسائل کے باعث ٹیکس دہندگان کو گوشوارے جمع کرانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ایف بی آر کو چاہیے کہ ٹیکس وصولی کے ساتھ ساتھ اپنے ڈیجیٹل نظام کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دے۔سسٹم پر موثرسرمایہ کاری کرکے اس کی استعداد، رفتار اور تکنیکی صلاحیت کو بہتر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ آن لائن پورٹل میں بار بار پیدا ہونے والی تکنیکی خرابیوں کا مستقل حل تلاش کیا جانا چاہیے۔ایک مضبوط اور موثرڈیجیٹل نظام ٹیکس دہندگان کا وقت اور وسائل بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوںنے مطالبہ کیا کہ آئندہ گوشوارے جمع کرانے کے دوران سسٹم پر غیر ضروری دبا ئوسے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنا ٹیکس نظام میں بہتری اور رضاکارانہ تعمیل کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔امید ہے ایف بی آر توسیع شدہ مدت کے دوران سسٹم کو بہتر بنا کر ٹیکس دہندگان کو مزید سہولیات فراہم کرے گا۔