اسٹیج کی کمائی حرام ہے تو افتخار ٹھاکر اربوں کی جائیدادیں غریبوں میں بانٹ دیں’ عابدہ بیگ
شوہر کے انتقال کے تیسرے روز اسٹیج پر تھی، کسی نے نہیں کہا گھربیٹھوڈرامے کی پوری ادائیگی ہو گی
لاہور( این این آئی)ماضی کی نامور اداکارہ عابدہ بیگ نے کامیڈین افتخار ٹھاکر کے اسٹیج کے حوالے سے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیج کا پیسہ حرام ہے لیکن اسی پلیٹ فارم سے آپ نے عزت، شہرت اور کمائی اور اربوں روپے کی جائیدادیں بنائیں،آپ یہ سب کچھ غریبوں میں بانٹ کر ایک چولا پہن کر بیٹھ جائیں، دوسروں کو مشورہ دینا بہت آسان ہے، آپ کو اسٹیج کی کمائی حرام ہونے کا احساس اس وقت کیوں نہیں ہوا جب آپ اس سے خود کما رہے تھے۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ میرے شوہر نے افتخار ٹھاکر کاہاتھ پکڑ کر اسٹیج پر متعارف کرایا لیکن آج اپنے محسن کو بھلا دیا گیا ،افتخار ٹھاکر کبھی میرے گھر آیانہ کبھی مجھے فون کرکے میرا حال پوچھا ۔عابدہ بیگ نے کہا کہ شوہر کے انتقال کے صرف تیسرے روز میں اسٹیج ڈرامہ کرنے اسٹیج پر موجود تھی ، اس وقت کسی نے یہ نہیں کہا کہ آپ گھر بیٹھیں، آپ کو ڈرامے کی مکمل ادائیگی کی جائے گی، بلکہ میرے تین روز کے پیسے بھی کاٹ کر ادائیگی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈرامے میں وہی تمام لوگ شامل تھے جو میرے شوہر کے لگائے ہوئے پودے تھے۔ شوہر کے انتقال کے بعد میں نے بہت دکھ دیکھے ہیں، میں کسی کی منظورِ نظر نہیں بنی اور نہ ہی کسی نے میرا سہارا بننے کی کوشش کی۔انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہاں تک پیشکش کی گئی کہ مجھ سے نکاح کر لیں، سونے میں تول دوں گا اور دس گھر بھی دوں گا، لیکن میں نے اس وقت انکار کر دیا،آج میں سوچتی ہوں کہ شاید مجھے وہ نکاح کر لینا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی ایک شخص کو نشانہ نہیں بنا رہی بلکہ اس بے حسی کے خلاف بول رہی ہوں جو آج شوبز انڈسٹری میں پیدا ہو چکی ہے۔ پہلے لوگ ایک دوسرے کو اکیلا نہیں چھوڑتے تھے، ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوتے تھے، لیکن اب کسی کو کسی کا پتہ نہیں،یہی بے حسی مجھے بولنے پر مجبور کر رہی ہے۔عابدہ بیگ نے کہا کہ آصف اقبال پانچ، چھ ماہ سے کام نہیں کر رہے تھے اور انہیں اس بات کی شدید تکلیف تھی۔