بلوچستان میں انسانی اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن تیز ، ایک ملزم گرفتار
کوئٹہ(جہان امروز) فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ نے بلوچستان میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اسی سلسلے میں ایک کامیاب کارروائی کے دوران افغان باشندوں کی غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ایف آئی اے نے خفیہ اطلاع پر ویسٹرن بائی پاس، کوئٹہ میں چھاپہ مار کر ملزم ثناء اللہ کو گرفتار کیا۔
ملزم انسانی اسمگلنگ کے منظم نیٹ ورک کا حصہ تھا۔ ملزم سے دو موبائل فون برآمد ہوئے جن کی ابتدائی جانچ پڑتال کے دوران واٹس ایپ پر دیگر انسانی اسمگلرز کے ساتھ روابط سامنے آئے۔ موبائل فونز میں موجود چیٹس، تصاویر اور ریکارڈز سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم افغان مہاجرین کی غیر قانونی منتقلی میں دیگر ساتھیوں کے ساتھ ملوث تھا۔ملزم کے حسین علی مبریز نامی شخص سے بھی روابط پائے گئے، جو مبینہ طور پر افغان باشندوں کی رضاکارانہ واپسی کے دوران نادرا کے عمل کو بائی پاس کرنے میں سہولت فراہم کرتا ہے۔
اس کے علاوہ ملزم کے افغانستان کے علاقے اسپن بولدک میں موجود انسانی اسمگلرز سے بھی براہ راست رابطے تھے۔ترجمان کے مطابق انسانی اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی ایک گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق ملزم اس وقت ایف آئی اے کی تحویل میں ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق ایف آئی اے انسانی اسمگلنگ کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے اور اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

