کوئٹہ(جہان امروز نیوز)انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہرنے کہا کہ جدید پولیسنگ اور پبلک سروس کو یقینی بنانے کیلئے ہمیں اپنے تفتیش کے نظام کو مستحکم بنانا ہوگا خود احتسابی اور انفرادی کردار سے بھی معاشرے میں جرائم کا خاتمہ ممکن ہے۔

شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اوران کے مسائل کا بلا تاخیر ازالہ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس مقدس فریضے کی ادائیگی میں سپروائزری افسران کا کردار کلیدی نوعیت کا حامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل پولیس آفس بلوچستان کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کے ڈپٹی کمانڈنٹ سرفراز احمد فلکی کی سربراہی میں صوبہ سند ھ کے زیر تربیت ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے ملاقات کے دوران کہی۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پولیس آپریشنز آغا محمد یوسف ، ڈی آئی جی فنانس سہیل احمد شیخ ،اے آئی جی آپریشنز نوید عالم ، کورس کمانڈر محمدجواد اسحاق،اے آئی جی آئی ٹی فاضل شاہ ،اے آئی جی جنرل عابد خان ، اے آئی جی لیگل شفیق الرحمن شاہوانی ، اے آئی جی سیکورٹی ڈویژن ڈاکٹر سمیع ملک سمیت دیگرافسران بھی شریک تھے۔

آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ نوجوان افسران جدید پولیسنگ، پیشہ وارانہ اور خدمت خلق کے جذبے کو اپنا شعار بنا تے ہوئے پولیس اور عوام کے درمیان روابط کو بہتر سے بہتر بنائیں اورخود کو افسر سمجھنے کی بجائے اچھا سننے اور سیکھنے والے بنیں، فیلڈ ڈیوٹی میں حاصل ہونے والا تجربہ مستقبل میں کام آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوران تربیت لگن اور محنت سے کام کریں مستقبل آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کا ہے، نئے رحجانات اور مہارتوں کو سیکھنے پر خصوصی توجہ دیں محنتی، دیانتدار اور خدمت خلق کے جذبے سے سر شار ہی پولیس سروس میں کامیاب ہیں چنانچہ سپر وائزری افسران عوامی خدمت کو ترجیح دیتے ہوئے ایک عام شہری کے مدد گار بنیں۔ اس موقع پر آئی جی پولیس نے لیڈی افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لیڈی افسران اپنے کام سے دوسری خواتین کے لیے رول ماڈل ثابت ہوسکتی ہیں اور خواتین شہریوں کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *