دبئی(سپورٹس نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے سالانہ رینکنگ جاری کردی، آسٹریلیا مینز کی ٹیسٹ اور ویمنز ون ڈے کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔
سالانہ اپ ڈیٹ میں مئی 2025سے اب تک کے میچز کو مکمل (100فیصد)جبکہ اس سے پہلے کے دو سال کے نتائج کو 50فیصد وزن دیا گیا ہے۔
مردوں کی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا 131پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ جنوبی افریقہ 119پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر برقرار ہے۔بھارت ایک درجہ ترقی پا کر تیسرے نمبر (104)پر آ گیا ہے، جبکہ انگلینڈ 102پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر چلا گیا۔ انگلینڈ کی تنزلی کی بڑی وجہ پرانے میچز، خصوصا نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور پاکستان کے خلاف کامیاب سیریز کا ریکارڈ، رینکنگ سے خارج ہونا ہے۔
پاکستان نے بھی فائدہ اٹھاتے ہوئے 89پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ ترقی حاصل کی، قومی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں 7ویں سے چھٹے نمبر پر آ گئی، سات پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ سری لنکا کا ٹیسٹ رینکنگ میں 7واں ویسٹ انڈیز کا 8واں بنگلا دیش کا 9واں اور زمبابوے کا 11ویں سے 10واں نمبر ہے۔ٹاپ 10میں آئرلینڈ مطلوبہ میچز نہ کھیلنے کے باعث رینکنگ سے باہر ہو گیا ہے۔
آئرلینڈ اور افغانستان کو دوبارہ شامل ہونے کیلیے آئندہ سال میں کم از کم دو ٹیسٹ میچز کھیلنا ہوں گے۔خواتین کی ون ڈے رینکنگ میں بھی آسٹریلیا 163پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، اگرچہ اس کے پوائنٹس میں معمولی کمی ہوئی ہے۔
انگلینڈ 128پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔بھارت ویمن تیسرا، ساوتھ افریقہ ویمن چوتھا، نیوزی لینڈ کا 5واں اور سری لنکا کا چھٹا نمبر برقرار ہے۔ بنگلادیش ویمنز ٹیم 73پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر اور پاکستان 72پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر چلا گیا۔آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی رینکنگ 5مئی جبکہ مردوں کی ون ڈے ٹیم رینکنگ 7مئی کو جاری کی جائے گی۔
