کیلیفورنیا(سپورٹس نیوز )امریکہ کے سیریل ریکارڈ شکن ڈیوڈ رش نے ایک اور عجیب و غریب کارنامہ انجام دے دیا۔350 سے زائد گینیز ورلڈ ریکارڈز اپنے نام رکھنے والے اس امریکی شخص نے اس بار سکیٹ بورڈ کو اپنی ٹھوڑی پر ایک گھنٹے سے زیادہ دیر تک بیلنس کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا۔
ڈیوڈ رش (جو پہلے بھی ٹھوڑی پر مختلف چیزیں توازن کے ساتھ رکھنے کے کئی ریکارڈ توڑ چکے ہیں) نے بتایا کہ جیسے ہی انہیں پتا چلا کہ سکیٹ بورڈ بیلنس کرنے کی کیٹیگری تو موجود ہے مگر ابھی تک کسی نے ریکارڈ قائم نہیں کیا، انہوں نے فورا یہ چیلنج قبول کر لیا۔
ڈیوڈ رش کا مزاحیہ انداز میں کہنا تھا کہ شروع میں ہی مجھے اندازہ ہو گیا کہ اصل مسئلہ کیا ہے، سکیٹ بورڈ حیرت انگیز حد تک نوکیلی چیز ہے، صرف 30 سیکنڈ تک اسے سنبھالنا بھی شدید تکلیف دہ تھا۔
بعد میں ان کے ایک دوست، جس کے پاس اسکیٹ بورڈز کا بڑا کلیکشن تھا، نے انہیں ایک ایسا بورڈ ادھار دیا جس کا کنارہ نسبتا ہموار تھا لیکن پھر بھی ریکارڈ کے سائز اور وزن کے قوانین پر پورا اترتا تھا۔
آخرکار انہوں نے سکیٹ بورڈ کو اپنی ٹھوڑی پر ایک گھنٹہ، 1 منٹ اور 36 سیکنڈ تک متوازن رکھا اور یوں ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا۔
