مکہ مکرمہ(انٹرنیشنل نیوز) سعودی عرب میں مناسک حج کا آغاز ہو گیا ، لاکھوں عازمین حج خیموں کے شہر منی پہنچ گئے۔
عرب ٹی وی کے مطابق منی پہنچنے کا یہ عمل پیر کی دوپہر تک جاری رہا ۔
عازمین پیر کی رات منی میں قیام کریں گے اور آج9 ذی الحج کو حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کے لیے منی سے عرفات روانہ ہو ں گے۔
سعودی محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہیکہ مناسک حج کے دوران مکہ مکرمہ میں سخت گرمی کا امکان ہے اور 25 مئی تک درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ مناسک حج کے دوران ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد رہے گا اور کھلے علاقوں میں گرد آلود ہوا چلنے کا امکان ہے۔
حکام نے اپیل کی ہے کہ عازمین حج ہدایات پر عمل کریں اور زیادہ مقدار میں پانی کا استعمال کرکے سخت گرمی میں پانی کی کمی سے بچنیکی کوشش کریں اور رہنما حفاظتی اصولوں پر ہر حال میں عمل کریں۔
