jahaneimroz
Chief editor Faizullah Durrani

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تین روز بعد موبائل انٹرنیٹ سروس بحال، شہریوں میں اطمینان

موبائل انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے بعد کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں معمول کی آن لائن سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوگئیں

کوئٹہ (اے این این) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تین روز سے معطل موبائل انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی، جس کے بعد شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ موبائل انٹرنیٹ کی بندش کے باعث گزشتہ تین روز کے دوران شہریوں، طلبہ، کاروباری افراد، فری لانسرز اور آن لائن سروسز سے وابستہ افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

موبائل انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے بعد کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں معمول کی آن لائن سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوگئیں، جبکہ شہریوں نے انٹرنیٹ کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ دور میں موبائل انٹرنیٹ روزمرہ زندگی، کاروبار، تعلیم، رابطوں اور معلومات تک رسائی کا اہم ذریعہ بن چکا ہے۔تین روز تک موبائل انٹرنیٹ کی بندش کے باعث آن لائن کاروبار کرنے والے افراد، فری لانسرز، طلبہ اور مختلف نجی و سرکاری اداروں سے وابستہ افراد کو اپنے معمول کے امور انجام دینے میں دشواری کا سامنا رہا۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کی غیر یقینی صورتحال سے کاروباری اور تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہوتی ہیں، اس لیے سروس کی بندش کی صورت میں عوام کو بروقت آگاہ کیا جانا چاہیے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا کہ آئندہ اگر کسی ناگزیر صورتحال کے باعث موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کرنا ضروری ہو تو اس حوالے سے عوام کو واضح طور پر آگاہ کیا جائے اور حالات معمول پر آتے ہی سروس کی بحالی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

موبائل انٹرنیٹ کی بحالی کے بعد شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ بلوچستان میں مواصلاتی اور انٹرنیٹ سروسز کو مستقل اور بلا تعطل رکھنے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ صوبے میں کاروباری، تعلیمی اور معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More