کوئٹہ(آئی ایس پی آر)آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں میں 9 سے زائد دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت، ہرنائی اور سوراب میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائیاں کی گئیں۔
خفیہ اطلاع پر زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی سلسلے میں بڑا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک جبکہ ان کے ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔
ذرائع کے مطابق ضلع سوراب میں سکیورٹی فورسز نے دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، جس کے بعد حاجیکہ گاں میں کارروائی کرکے ایک دہشتگرد کو ہلاک کردیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے ایمونیشن، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام تک بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔