وی سی آر کے بھارتی فلموں کی گھر گھر رسائی پاکستانی سینما کیلئے بڑا چیلنج بنی’ ندیم مانڈی والا
1985میں ہمیں سینما کی مشکلات سمجھ آ گئی تھیں ،سمجھانے میں 22سال لگ گئے ' نامور فلم پروڈیوسر
لاہور( این این آئی)نامور فلم پروڈیوسر ندیم ایچ مانڈی والا نے کہا ہے کہ پاکستان میں سینما انڈسٹری کے بحران کی بڑی وجہ وی سی آر کی آمد اور اس کے ذریعے بھارتی فلموں کی گھروں تک رسائی بنی جس کا بروقت تدارک نہ کیا جا سکا، دنیا بھر میں سینما ایک خصوصی تفریحی شعبے کے طور پر کامیابی سے چل رہا تھا لیکن پاکستان میں حالات مختلف تھے، بھارت میں بہت پہلے وی سی آر کے بیگاڑ کو سمجھ لیا گیا تھا اور اسے ریگولیٹ کیا گیا ۔ ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ ہمیں یہ کہا گیا کہ آپ کے لئے بھارتی فلموں کی سینمائوں میں نمائش پر پابندی ہے اور دوسری طرف وی سی آر کے ذریعے بھارتی فلمیں گھر گھر دیکھی جارہی تھیں ، جب لوگوں کو بہتر پروڈکشن انتہائی سستے میں گھر میں دیکھنے کو مل رہی ہے وہ کیوں سینما آئیں گے،اس رجحان نے پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک بڑا چیلنج پیدا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلم کا اصل کشش اور تفریح اس کی کہانی اور مواد میں ہوتی ہے صرف سینما گھر کی عمارت میں نہیں۔پاکستانی فلم انڈسٹری کو بدلتے حالات کے مطابق بروقت جدت اور نئے طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت تھی لیکن ایسا نہ ہونے کے باعث بحران شدت اختیار کرتا گیا۔ ایک پوری نسل ایسی ہے جس نے سینما دیکھا ہی نہیں کیونکہ جب وہ پیدا ہوئی تو وی سی آر کا دور شروع ہو چکا تھا اس لیے اسے سینما کی حقیقی اہمیت اور تجربے کا اندازہ ہی نہیں۔انہوںنے کہا کہ 1985میں ہمیں سینما کی مشکلات سمجھ آ گئی تھیں لیکن اسے سمجھانے میں 22سال لگ گئے ۔