کوئٹہ(جہان امروز نیوز)کوئٹہ میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو کی قیادت میں ایک اعلی سطحی حکومتی وفد نے اپوزیشن رہنماں سے ملاقات کی جس میں صوبائی وزرا میر علی مدد جتک اور میر برکت رند سمیت دیگر حکام شامل تھے۔

اس اہم ملاقات میں جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع، بلوچستان اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میر یونس عزیز زہری، چیئرمین پی اے سی اصغر ترین، رکن اسمبلی سید ظفر آغا اور رکن قومی اسمبلی عثمان بادینی بھی موجود تھے۔

مذاکرات کے دوران خاص طور پر مدارس کی رجسٹریشن اور صوبے کے دیگر اہم سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں جانب سے مستقبل میں بھی مذاکرات کے عمل کو جاری رکھنے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے مدارس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مدارس اسلام کے مضبوط قلعے ہیں جہاں سے علما اور حفاظ فارغ التحصیل ہوتے ہیں، جبکہ تاریخی طور پر بھی دینی مدارس نے ہمیشہ مسلم امہ کو متحد رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے بلوچستان کو تمام قوموں اور مذاہب کا ایک خوبصورت گلدستہ قرار دیا اور مولانا عبدالواسع کی سیاسی بصیرت کو سراہا۔

دوسری جانب صوبائی وزیر میر علی مدد جتک نے موقف اختیار کیا کہ مدارس کے حوالے سے حکومتی موقف کو سمجھنے کی ضرورت ہے اور اپوزیشن کے پاس حکومتی نمائندوں کی آمد حکومت کی سنجیدگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے ہمیشہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *