پی ایس ایل 11 کا قذافی سٹیڈیم لاہور میں فائنل میچ ، پنجاب پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات
لاہور(سپورٹس نیوز)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر پاکستان سپر لیگ سیزن 11کے فائنل میچ کے موقع پر لاہور میں فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے۔
پنجاب پولیس کے افسران و اہلکاروں نے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقینِ کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جبکہ میچ کے دوران 7 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں نے سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران سکیورٹی اور ٹریفک سمیت تمام انتظامات کا خود جائزہ لیں جبکہ ڈیوٹی پوائنٹس پر تعینات پولیس جوان انتہائی الرٹ رہیں اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پی ایس ایل کے پرامن انعقاد کیلئے ضلعی انتظامیہ، سکیورٹی اداروں اور دیگر متعلقہ ایجنسیز کے ساتھ مکمل کوارڈینیشن برقرار رکھی گئی۔
آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس کی ٹیموں نے ٹیموں کے روٹس اور قذافی سٹیڈیم کے اطراف موثر پٹرولنگ یقینی بنائی۔
عبدالکریم نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کی رہائش گاہوں، روٹس اور سٹیڈیم کے اطراف سرچ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز کے ساتھ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں بھی جاری رکھی گئیں۔
ٹیموں کے روٹس، سٹیڈیم، قیام گاہوں اور دیگر اہم مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ہمہ وقت مانیٹرنگ کی گئی جبکہ سٹیڈیم اور گرد و نواح کی بلند عمارات پر پولیس سنائپرز بھی تعینات کیے گئے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کی رہنمائی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک ایڈوائزریز بھی جاری کی گئیں۔ شائقینِ کرکٹ اور شہریوں نے پولیس کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کھیل سے بھرپور لطف اندوز ہوئے۔
