کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)جناح ٹاؤن میں پولیس پارٹی کی فائرنگ سے ایک نوجوان کی ہلاکت کے واقعے پر پولیس ذرائع نے ابتدائی مؤقف جاری کر دیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ گاڑی میں سوار دو افراد نے پودگلی چوک کے مقام پر پولیس پارٹی پر فائرنگ کی اور اس کے بعد گاڑی کو انتہائی تیز رفتاری سے چلاتے ہوئے اسپنی روڈ اور سی پیک روٹ کے ذریعے لہڑی گیٹ جناح ٹاؤن کے علاقے میں داخل ہوئے۔ اس دوران گاڑی نے مختلف مقامات پر تیز رفتاری کے باعث متعدد موٹرسائیکل سواروں اور دیگر گاڑیوں کو بھی ٹکر ماری۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جناح ٹاؤن کی حدود میں داخل ہونے پر پولیس پارٹی نے گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم گاڑی میں سوار افراد نے مبینہ طور پر جناح ٹاؤن تھانے کے عملے پر بھی اسٹریٹ فائرنگ کی، جس کے بعد پولیس نے جوابی کارروائی کی۔

بولتا بلوچستان میڈیا کے ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہوگئی اور ٹریفک نظام بھی متاثر ہوا۔

پولیس ذرائع مزید بتاتے ہیں کہ کارروائی کے دوران گاڑی میں سوار ایک شخص موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے،بولتا بلوچستان میڈیا کے ذرائع کے مطابق پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *