کوئٹہ(سٹاف رپورٹر )وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیڈی کانسٹیبل شکیلہ کا قتل اور مذموم عزائم کے لیے اساتذہ کو ہدف بنانا بلوچستان کے امن اور اس کی علمی و ادبی شناخت پر حملہ ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ریاست دشمن عناصر خواتین، اساتذہ اور بچوں کو نشانہ بنا کر خوف پھیلانا چاہتے ہیں، لیکن معصوم شہریوں پر حملے کرنے والے ایسے سفاک عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ لیڈی پولیس اہلکار شکیلہ کے خاندان پر حملہ دہشت گردوں کی سفاک ذہنیت کا کھلا ثبوت ہے، تاہم قلم، شعور اور امن کے دشمنوں کو ہر صورت قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے مقتدر و قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ ریاست دشمن عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر کے انہیں انجام تک پہنچایا جائے، کیونکہ بلوچستان کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *