زیارت(نمائندہ خصوصی )کوئٹہ زیارت شاہراہ پر کچھ کے مقام پر ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جہاں مسافر ویگن اور کار کے درمیان زور دار تصادم ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق، مسافروں سے بھری ایک ہائی روف ویگن کوئٹہ سے سیاحتی مقام زیارت کی طرف جا رہی تھی کہ کچھ کے قریب مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار کار سے ٹکرا گئی۔
تصادم اس قدر شدید تھا کہ دونوں گاڑیاں بری طرح متاثر ہوئیں اور ویگن میں سوار متعدد مسافر شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے کے فورا بعد مقامی انتظامیہ، لیویز فورس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو گاڑیوں سے نکال کر فوری طور پر قریبی طبی مراکز منتقل کر دیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق، حادثہ تیز رفتاری اور موڑ کاٹتے ہوئے توازن برقرار نہ رکھنے کے باعث پیش آیا۔
لیویز حکام نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں کو شاہراہ سے ہٹا دیا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا سکے۔
