کوئٹہ(سٹاف رپوٹر)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)کی انفورسمنٹ ٹیم نے سندھ اور بلوچستان کے سرحدی علاقے حب میں ایک کامیاب اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں لیٹر غیر قانونی طور پر ذخیرہ شدہ پٹرول اور ڈیزل ضبط کر لیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ اعلامیے کے مطابق، یہ کارروائی حب کے مقام پر ایک خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں ایک آئل ڈپو میں بھاری مقدار میں پٹرولیم مصنوعات کو غیر قانونی طور پر اسٹور کیا گیا تھا۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ مذکورہ آئل ڈپو ایک نجی کمپنی کی ملکیت تھا جو مکمل طور پر غیر قانونی طور پر کام کر رہا تھا۔
اس ڈپو کے پاس نہ تو اوگرا کا منظور شدہ لائسنس موجود تھا اور نہ ہی حساس سرحدی زون میں کام کرنے کے لیے وزارتِ دفاع کا کوئی این او سی (No Objection Certificate) حاصل کیا گیا تھا، جو کہ قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
اوگرا حکام کے مطابق، تمام ضابطے کی کارروائی پوری کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر کام کرنے والے اس نجی آئل ڈپو کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا ہے اور ضبط شدہ ایندھن کو سرکاری تحویل میں لے کر مزید قانونی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
