حب(نمائندہ خصوصی)صنعتی شہر حب اور اس کے مضافات میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دل دہلا دینے والے متعدد ٹریفک حادثات اور ڈوبنے کے واقعات کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق اور 11 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق، پہلا بڑا حادثہ حب وندر ناکہ کھارڑی کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتاری کے باعث 4 موٹر سائیکلوں میں ہولناک تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ وندر حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق کراچی سے بتایا جاتا ہے۔

دوسرے واقعے میں تحصیل وندر کی مٹھڑی ندی میں نہاتے ہوئے 2 مقامی نوجوان گہرے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، جن کی لاشوں کو وندر ہسپتال منتقل کرنے کے بعد ضروری کاغذی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔

ادھر حب گیٹرون موڑ کے قریب موٹر سائیکل اور تیز رفتار ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں ایک اور شخص جانبحق ہوا، جس کی لاش کو جام غلام قادر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم ابھی تک متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

علاوہ ازیں، نورانی روڈ پر زائرین سے بھری تیز رفتار ہائی ایکس وین کراچی جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 8 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر جام غلام قادر سول ہسپتال لایا گیا، جہاں نازک حالت کے پیشِ نظر شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *