زرغون روڈ پر کچرے کے ڈھیر اور ابلتے گٹرز سے مریض اور نمازی شدید پریشان، حکامِ بالا سے فوری نوٹس لینے کی اپیل
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر )کوئٹہ کے معروف اور مصروف ترین علاقے زرغون روڈ پر واقع مشہور ساجد ہسپتال اور اکرم ہسپتال کے سامنے نالے کا گندا پانی اور ابلتے ہوئے گٹرز شہریوں، مریضوں اور راہگیروں کے لیے شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا باعث بن گئے ہیں۔
گندگی اور تعفن نے آس پاس کے پورے علاقے میں ڈیرے ڈال دیے ہیں، جس کی وجہ سے ہسپتالوں میں آنے والے سنگین مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو شدید ترین پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ صفائی کے ذمہ دار متعلقہ حکام اور عملے سے متعدد بار رابطہ کیا گیا ہے، لیکن بارہا شکایت کے باوجود اب تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہے۔
مقامی شہریوں اور تاجروں کے مطابق، نالیوں کا گندا بدبودار پانی اور کچرے کے ڈھیر مین سڑک پر پھیلے ہوئے ہیں، جس کے باعث وہاں سے گزرنے والے شہریوں اور مسجد جانے والے نمازیوں کے کپڑے ناپاک اور گندے ہو جاتے ہیں۔
علاقے میں اس وقت کوئی پرسانِ حال نہیں ہے، جس کی وجہ سے تعفن اور بیماریاں پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ہسپتالوں کے عملے، مریضوں اور اہل محلہ نے حکامِ بالا اور کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اعلی حکام سے دردمندانہ التجا کی ہے کہ خدارا ساجد ہسپتال اور اکرم ہسپتال کے سامنے مین شاہراہ زرغون روڈ پر گندے پانی کی نکاسی کے نظام کو مستقل بنیادوں پر درست کیا جائے
اور ابلتے ہوئے گٹرز کو بند کر کے علاقے میں صفائی کی ابتر صورتحال کا فوری تدارک کیا جائے۔
