نئی دہلی (رائٹرز): بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک ہوٹل میں لگنے والی آگ سے 21 افراد کی ہلاکت کے بعد دہلی حکومت نے فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے گیسٹ ہاؤسز اور دیگر عمارتوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کے دفتر کے مطابق شہر بھر میں ایسے تمام تجارتی مراکز، گیسٹ ہاؤسز اور دیگر عمارتوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو فائر سیفٹی کے ضوابط اور تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کام کر رہے ہیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ قواعد پر پورا نہ اترنے والی عمارتوں کو سیل کیا جائے گا جبکہ ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

بدھ کے روز دہلی کے علاقے مالویہ نگر میں واقع ایک ہوٹل میں آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے نتیجے میں 21 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ یہ 2022 کے بعد شہر کا مہلک ترین آتشزدگی کا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق مذکورہ ہوٹل قریبی اسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے اہل خانہ میں خاصا مقبول تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے کے حوالے سے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ عمارت کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 12 غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں جن کا تعلق بنگلہ دیش، نائجیریا، موزمبیق اور لائبیریا سے تھا، تاہم رائٹرز اس معلومات کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا۔

بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ متعلقہ ممالک کے سفارت خانوں سے رابطے میں ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *