سکیورٹی فورسز نے معصوم اور نہتے پاکستانی شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے شہباز شریف
راولپنڈی(اے ایف بی ) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس میں بھارتی حمایت یافتہ 6 خارجی مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع پنجگور میں آپریشن بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، آپریشن میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے۔بتایا گیا ہے کہ پنجگور میں ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود، آئی ای ڈیز اور گاڑی برآمد کی گئی، فتنہ الہندوستان کے ہلاک دہشت گرد متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ علاقے میں موجود کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف اپنی مسلسل مہم پوری رفتار سے جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں بھارتی حمایت یافتہ 6 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے معصوم اور نہتے پاکستانی شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔
