کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)بولان میڈیکل کالج (بی ایم سی) کوئٹہ کی انتظامیہ نے کالج میں نظم و ضبط اور ادارہ جاتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے نیا سرکلر جاری کر دیا ہے۔
پرنسپل آفس کی جانب سے جاری کردہ آفیشل سرکلر کے مطابق، تمام طلبہ اور اساتذہ کو سخت ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کالج کے مقررہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں۔
سرکلر میں واضح طور پر تنبیہ کی گئی ہے کہ کسی بھی طالب علم کو کالج کا درست شناختی کارڈ (آئی ڈی کارڈ) دکھائے بغیر یا مقررہ یونیفارم کے بغیر کالج کی بسوں، کالج کے احاطے، لیکچر ہالز، ڈسیکشن ہالز، پریکٹیکل کلاسز اور تدریسی و تربیتی وارڈز میں داخل ہونے کی قطعا اجازت نہیں ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق یہ اہم فیصلہ طلبہ کی بہتر شناخت، سیکیورٹی، نظم و ضبط کے فروغ اور تعلیمی ماحول کو مزید محفوظ و مثر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
سرکلر میں بی ایم سی کے تمام شعبہ جات کے سربراہان(ایچ او ڈیز)، فیکلٹی ممبران اور متعلقہ انتظامی عملے کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اس نئے حکم نامے پر سو فیصد عمل درآمد کرائیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی کو ہرگز برداشت نہ کیا جائے۔
کالج انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی بھی طالب علم شناختی کارڈ یا مناسب یونیفارم کے بغیر تعلیمی، کلینیکل یا تربیتی سرگرمیوں میں شریک پایا گیا تو اس کے خلاف کالج ڈسپلن کے قواعد کے مطابق فوری اور سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید برآں، سرکلر میں اساتذہ اور وارڈز کے انچارج عملے کو بھی برابر کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ضابطے پر عمل درآمد کرانے میں کوتاہی برتنے والے متعلقہ اہلکاروں کے خلاف بھی سخت محکمانہ کارروائی کی جا سکتی ہے۔
