حب(نمائندہ خصوصی )بلوچستان پولیس نے ایک اہم اور کامیاب کارروائی کے دوران کراچی سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی خاتون کو ضلع حب کے علاقے ساکران سے بحفاظت بازیاب کر لیا ہے، جسے پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بروقت ردعمل کا اہم مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گزشتہ رات ایک خاتون، جن کی شناخت حبیبہ زوجہ عبدالواحد محمد حسن (سکنہ سرجانی ٹان، کراچی) کے طور پر ہوئی ہے، تھانہ ساکران کی حدود میں موجود پائی گئیں۔
اطلاع ملنے پر ساکران پولیس نے فوری طور پر مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر خاتون کو اپنی تحویل میں لیا اور ضروری قانونی و انتظامی کارروائی کا آغاز کیا۔
ابتدائی معلومات اور تفتیش کے مطابق، مذکورہ خاتون کو کراچی کے علاقے سرجانی ٹان سے مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا، تاہم بلوچستان پولیس نے تمام دستیاب شواہد اور معلومات کی بنیاد پر فوری ایکشن لیتے ہوئے خاتون کی شناخت اور تصدیق کا عمل کامیابی سے مکمل کیا۔
بلوچستان پولیس کے مطابق، متعلقہ تھانے کی ٹیم نے جدید تفتیشی طریقہ کار اور فوری رسپانس کے ذریعے خاتون کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا، جس کے بعد تمام تر ضروری قانونی تقاضے اور کاغذی کارروائی پوری کرتے ہوئے مغویہ کو بحفاظت ان کے فکر مند اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ واقعے سے متعلق مزید گہرائی میں قانونی کارروائی اور تفتیش کا سلسلہ اب بھی جاری ہے تاکہ اس مبینہ اغوا کے معاملے کے تمام پسِ پردہ پہلوں کو مکمل طور پر واضح کیا جا سکے اور اس سنگین واردات میں ملوث ممکنہ ذمہ داروں و سہولت کاروں کا سراغ لگا کر ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
دوسری جانب اس تیز رفتار اور کامیاب کارروائی پر عوامی، سیاسی اور سماجی حلقوں کی جانب سے بلوچستان پولیس کی کارکردگی کو زبردست الفاظ میں سراہا گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کے ایسے فوری اور مخلصانہ اقدامات نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عوام کے اعتماد کو مزید بحال اور مضبوط کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں غریب عوام کے تحفظ کے احساس کو بھی تقویت دیتے ہیں۔
حکام کے مطابق پولیس کی جانب سے صوبے کے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی بیخ کنی کے لیے سیکیورٹی کارروائیاں آئندہ بھی اسی عوامی جذبے اور اعلی پیشہ ورانہ انداز میں جاری رہیں گی۔
