کوئٹہ(سٹاف رپورٹڑ )بلوچستان پولیس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی اور مجالس و عزاداری کے روایتی جلوسوں کی حفاظت کے لیے ایک جامع اور فول پروف سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، صوبے بھر میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ محرم الحرام کے حساس ترین دنوں، خصوصا ساتویں محرم اور یومِ عاشورہ (10 محرم) کو صوبے بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کو عارضی طور پر بند کرنے اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ بھی صوبائی حکومت اور اعلی سیکیورٹی حکام کے زیرِ غور ہے۔
اس ممکنہ فیصلے کا مقصد جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کو مزید سخت بنانا اور شرپسند عناصر کی نقل و حرکت اور رابطوں کو روکنا ہے۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
