بلوچستان میں رینٹ اے کار اور آٹوموبائل رینٹل سروسز کیلئے رجسٹریشن اور ٹیکس تعمیل لازمی قرار

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر )بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) نے صوبے بھر میں رینٹ اے کار اور آٹوموبائل رینٹل سروسز فراہم کرنے والے تمام کاروباری اداروں اور افراد کو سخت ہدایت کی ہے کہ اگر وہ تاحال رجسٹرڈ نہیں ہیں تو فوری طور پر بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے ساتھ اپنی رجسٹریشن مکمل کروائیں اور بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2015 کے تحت اپنی قانونی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔

بی آر اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، رینٹ اے کار اور آٹوموبائل رینٹل سروسز پر سیلز ٹیکس کی شرح 8 فیصد مقرر کی گئی ہے۔

تمام سروس فراہم کنندگان کے لیے یہ لازمی ہوگا کہ وہ مقررہ ٹیکس ادوار کے اندر اپنے ٹیکس گوشوارے (Returns) ہر صورت بروقت جمع کرائیں اور واجب الادا ٹیکس کی سرکاری خزانے میں ادائیگی یقینی بنائیں۔

مزید برآں، اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ اس مخصوص شعبے کے لیے ان پٹ ٹیکس کریڈٹ یا ایڈجسٹمنٹ کی بالکل اجازت نہیں ہوگی۔

بی آر اے نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ ٹیکس قوانین کی تعمیل نہ صرف ایک قانونی ذمہ داری ہے بلکہ یہ شفاف کاروباری ماحول، منصفانہ مسابقت اور صوبے کی تعمیر و ترقی کے لیے وسائل کی فراہمی میں بھی انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

اتھارٹی نے کاروباری برادری کی آسانی اور سہولت کے لیے رجسٹریشن، ریٹرن فائلنگ اور ٹیکس ادائیگی کے تمام مراحل کو جدید تقاضوں کے مطابق مکمل طور پر ڈیجیٹل اور آن لائن بنا دیا ہے تاکہ کسی کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے تمام متعلقہ سروس فراہم کنندگان سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ قانونی کارروائی، بھاری جرمانے یا کاروباری پیچیدگی سے بچنے کے لیے بروقت رجسٹریشن اور ریٹرن فائلنگ کو یقینی بنائیں اور صوبے کی معاشی خوشحالی میں اپنا مثر کردار ادا کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *