پاکستان سمیت دنیا بھر میں 13 گھنٹے 41 منٹ کا دن ریکارڈ، آج سے دن بتدریج چھوٹے اور راتیں طویل ہونا شروع ہوں گی

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر )پاکستان سمیت دنیا بھر میں 21 جون کو سال کا طویل ترین دن ریکارڈ کیا گیا، جسے فلکیاتی اصطلاح میں “سمر سولسٹائس” (Summer Solstice) کہا جاتا ہے۔ اس روز سورج اپنی بلند ترین پوزیشن پر ہوتا ہے جس کے باعث دن کا دورانیہ سال کے دیگر دنوں کے مقابلے میں زیادہ جبکہ رات مختصر ترین ہو جاتی ہے۔

ماہرینِ فلکیات کے مطابق 21 جون کو دن کا دورانیہ تقریبا 13 گھنٹے 41 منٹ رہا، جبکہ رات کا دورانیہ کم ہو کر 10 گھنٹے 19 منٹ تک محدود رہا۔

یہ دن شمالی نصف کرے کے ممالک، جن میں پاکستان بھی شامل ہے، کے لیے گرمیوں کے باقاعدہ آغاز کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق زمین اپنے محور پر تقریبا 23.5 درجے جھکی ہوئی ہے، جس کے باعث سال میں ایک دن ایسا آتا ہے جب شمالی نصف کرے سورج کی جانب زیادہ جھکا ہوتا ہے۔

اسی وجہ سے 21 جون کو سورج زیادہ دیر تک افق پر موجود رہتا ہے اور دن کا دورانیہ بڑھ جاتا ہے۔

فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ 21 جون کے بعد دنوں کا دورانیہ آہستہ آہستہ کم ہونا شروع ہو جائے گا، جبکہ راتیں بتدریج طویل ہوتی جائیں گی۔

یہ سلسلہ دسمبر تک جاری رہے گا، جب 21 یا 22 دسمبر کو سال کا مختصر ترین دن اور طویل ترین رات واقع ہوگی۔

سمر سولسٹائس ایک قدرتی مظہر ہے، پاکستان میں اگرچہ اس موقع پر کوئی خصوصی تقریبات منعقد نہیں کی جاتیں، تاہم فلکیات میں دلچسپی رکھنے والے افراد اس دن کو خاص اہمیت دیتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *