آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد، امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار
پنجگور(نمائندہ خصوصی )بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے “فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے تین مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو علاقے میں کالعدم عناصر کی موجودگی کی مروجہ اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ مقام کا محاصرہ کیا گیا۔
کارروائی کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں تینوں دہشت گرد مارے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے عناصر مبینہ طور پر علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے، معصوم عوام میں خوف و ہراس پھیلانے اور مختلف تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے برآمد ہونے والی بھاری مقدار میں منشیات اور دیگر شواہد کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، بلوچستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور دہشت گردی، اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کو برقرار رکھا جائے۔
