واشنگٹن،تہران۔۔ امریکا کی جانب سے ایران پر حملوں کا سلسلہ مسلسل گیارہویں روز بھی جاری رہا ایران کے مختلف شہروں میں دھماکوں کی آوزازیں سنی گئیں جبکہ ایرانی فوج نے ایک امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے ۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق تبریز، کرمانشاہ، بوشہر، خوزستان اور سیرک میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں،امریکی طیاروں نے ایرانی فوجی آپریشنز کے مراکز، بحری صلاحیتوں،طیاروں کے ہینگرز،ڈرونز کی ذخیرہ گاہوں اور فوجی لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا۔

امریکی سینٹرل کمان (سینٹکام) کے مطابق ان حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو خطرے میں ڈالنے کی ایرانی صلاحیت کو کمزور کرنا ہے، سینٹکام نے الزام عائد کیا کہ ایران نے گزشتہ تین ماہ کے دوران اس بین الاقوامی آبی گزرگاہ سے گزرنے والے 30 سے زائد تجارتی جہازوں پر حملے کیے۔

دوسری جانب ایرانی فوج نے ایک امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کویت کے علی السالم بیس کے قریب ریڈار کمپلیکس اور بوبیان میں ریڈار سسٹم کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ خاتم الانبیا بریگیڈ نے خبردار کیا ہے کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ خطے میں جنگ کے مزید پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے، بریگیڈ کا کہنا ہے کہ ایسی کسی بھی کارروائی کی صورت میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے مفادات کو نشانہ بنایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *