گھروں میں داخل ہو کر وارداتیں کرنے کا الزام، شہریوں کا ضلعی انتظامیہ سے کارروائی کا مطالبہ

بیلہ شہر اور گردونواح میں پیشہ ور بھکاریوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے باعث شہری مشکلات اور خوف و ہراس کا شکار ہوگئے ہیں، جبکہ شہری حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بھیک کی آڑ میں بعض افراد چوری اور لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔تفصیلات کے مطابق بیلہ شہر کے مختلف علاقوں اور مضافاتی علاقوں میں پیشہ ور بھکاریوں کی بڑی تعداد نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، جن میں خواتین بھکارنوں کی تعداد بھی زیادہ بتائی جاتی ہے۔

شہریوں کے مطابق بعض خواتین بھیک مانگنے کے بہانے گھروں میں داخل ہو کر قیمتی سامان، نقدی اور زیورات چوری کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔گزشتہ روز بیلہ شہر کے محلہ میتگ میں خواتین بھکارنوں کی جانب سے ایک گھر میں داخل ہو کر نقدی اور سونا لے جانے کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد شہریوں میں تشویش اور خوف پایا جا رہا ہے۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ پیشہ ور بھکاری گروہوں کی شکل میں شہر اور مضافاتی علاقوں میں سرگرم ہیں، جبکہ متعدد بار نشاندہی کے باوجود ان کے خلاف مثر کارروائی نہ ہونے پر عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد کی نگرانی کی جائے اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف مثر آپریشن کیا جائے۔

شہریوں نے کہا کہ جس طرح ضلع خضدار میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کی گئی، اسی طرح بیلہ میں بھی اقدامات کیے جائیں تاکہ جرائم کی روک تھام ممکن ہو اور شہری خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *