کوئٹہ کے پارک عزت دار خاندانوں کے لیے وبال جان بن گئے
آوارہ اور اوباش نوجوانوں کی بھرمار، فیملیز کا سیر و تفریح سے دل اْچَٹنے لگا
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں قائم بیشتر پارکوں کے باہر اور اندر آوارہ اور اوباش نوجوانوں کی موجودگی شہریوں، بالخصوص فیملی کے ساتھ آنے والے افراد کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن گئی ہے
‘ خواتین اور بچیوں کو ہراساں کرنے کے واقعات روز بروز بڑھ رہے ہیں جبکہ متعلقہ انتظامیہ کی خاموشی سوالیہ نشان بن چکی ہے’شہریوں کا کہنا ہے کہ شام کے وقت پارکوں میں داخل ہونے والے نوجوان گروہوں کی نازیبا حرکات اور بدتمیزی کے باعث عزت دار خاندانوں نے ان مقامات کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے
بعض فیملیز کا کہنا ہے کہ جب وہ سیر و تفریح کے لیے پارک آتی ہیں تو دروازے پر ہی نوجوان ان کا جائزہ لینے لگتے ہیں اور فقرے کستے ہیں، جس سے خواتین خود کو غیر محفوظ محسوس کرتی ہیں
شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پارکوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کی جائے، سی سی ٹی وی کیمروں کا نظام فعال بنایا جائے اور ایسے افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے جو معاشرتی بدتمیزی کو فروغ دے رہے ہیں۔