jahaneimroz
Chief editor Faizullah Durrani

بلوچستان کے علاقے ڈھاڈر میں دھماکے سے متاثرہ گیس پائپ لائن کی مرمت 6 روز بعد بھی شروع نہ ہوسکی

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر کے قریب دھماکے سے متاثر ہونے والی 18 انچ قطر کی سوئی گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام واقعے کے 6 روز گزرنے کے باوجود شروع نہیں ہوسکا، جس کے باعث بلوچستان کے متعدد اضلاع میں گیس کی فراہمی شدید متاثر ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کے مطابق 12 اگست کو ڈھاڈر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائن متاثر ہوئی تھی۔

متاثرہ لائن کی بحالی کے لیے ضروری مرمتی کام تاحال شروع نہیں کیا جاسکا، کیونکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مرمتی ٹیموں کو سکیورٹی کلیئرنس فراہم نہیں کی گئی۔

گیس پائپ لائن کی مرمت میں تاخیر کے باعث مستونگ، قلات، پشین، زیارت اور مچھ کو گیس کی فراہمی معطل ہے، جبکہ کوئٹہ کے علاقوں سریاب، مشرقی بائی پاس اور کچلاک میں گیس کے کم دبا اور بندش نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی روز سے گیس کی بندش کے باعث گھریلو امور شدید متاثر ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے بحالی میں تاخیر نے عوامی مشکلات کو مزید سنگین کردیا ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کے مطابق سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد ہی متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کیا جاسکے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More