سانحہ زیارت منگی ڈیم، بلوچستان حکومت نے عدالتی انکوائری شروع کردی، جسٹس محمد عامر نواز رانا کمیشن کے سربراہ مقرر
کوئٹہ(کورٹ رپورٹر)حکومت بلوچستان نے زیارت کے مانگی ڈیم پمپنگ اسٹیشن پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شفاف تحقیقات کے لیے عدالتی انکوائری کا آغاز کردیا ہے۔
اس سلسلے میں جسٹس محمد عامر نواز رانا پر مشتمل انکوائری کمیشن قائم کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹس جاری کردیا گیا۔
جاری نوٹس کے مطابق انکوائری کمیشن مانگی ڈیم پمپنگ اسٹیشن پر پیش آنے والے واقعے کے دوران سکیورٹی انتظامات میں ممکنہ خامیوں، غفلت اور پولیس اہلکاروں کی شہادت کے اسباب کا تعین کرے گا، جبکہ واقعے سے متعلق دیگر اہم پہلوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
حکومت بلوچستان نے واقعے سے متعلق معلومات، شواہد یا کسی بھی قسم کی متعلقہ شہادت رکھنے والے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ 28 اگست 2026 تک انکوائری کمیشن کے روبرو اپنا بیان ریکارڈ کراسکتے ہیں۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین سمیت دیگر متعلقہ افراد کو بھی اپنا مقف پیش کرنے اور شواہد جمع کرانے کی مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔
کمیشن کے روبرو پیش ہونے کے خواہش مند افراد حالی روڈ کوئٹہ پر واقع بلوچستان ہائیکورٹ میں رجسٹرار کمیشن ملک شعیب سلطان کے دفتر سے رجوع کرسکتے ہیں۔
نوٹس کے مطابق کمیشن کے سامنے پیش ہونے والے افراد کے لیے اصل قومی شناختی کارڈ اور اس کی ایک نقل ہمراہ لانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔