کوئٹہ(جہان امروز نیوز) ضبط شدہ چاندی کو تبدیل کرنے کے واقعہ میں ملوث کسٹمز کے مزید6افسران کو معطل کردیا گیا۔
ایف بی آرذرائع کے مطابق پاکستان کسٹمز نے چاندی کو سیسہ میں تبدیل کرنے کے مقدمہ میں مزیدتحقیقات کے بعد ایسے شواہد حاصل کیے ہیں جو چند دیگر کسٹمز افسران اور اہلکاروں کی براہِ راست مداخلت، غفلت اور نااہلی کی نشاندہی کرتے ہیں جس کے بعدمتعلقہ مجاز حکام کی جانب سے ایک کلکٹر کسٹمز (BSـ20)، ایک ڈپٹی کلکٹر کسٹمز (BSـ18)، ایک اسسٹنٹ کلکٹر کسٹمز (BSـ17) اور تین افسران (BSـ16) کو معطل کر دیا گیا ہے۔
جبکہ واقعہ کی فوجداری حقیقات بھی کی جارہی ہیں اور جو افراد جرم میں براہِ راست ملوث پائے گئے انہیں فوجداری مقدمہ میں نامزد کیا جائے گا اس جرم سے فائدہ اٹھانے والے دیگر افراد کی بھی نشاندہی کر لی گئی ہے اور انہیں قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہآزادانہ تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے پرانی ٹیم کی جگہ تین نئے افسران کو کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ میں تعینات کر دیا گیا ہے نئے کلکٹر اور ایڈیشنل کلکٹر پہلے ہی کوئٹہ میں اپنے سرکاری عہدوں کا چارج سنبھال چکے ہیں۔
ایف بی آر کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ ایف بی آر کی یہ واضح پالیسی ہے کہ کسی بھی سطح اور عہدے سے قطع نظر، بدعنوانی میں ملوث ہر افسر/اہلکار کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
