پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ایشیا کپ کی تیاریوں کے لیے انڈر 18 قومی ہاکی تربیتی کیمپ کا اعلان کر دیا
اسلام آباد (جہان امروز نیوز)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جاپان میں شیڈول ”مینز انڈر 18 جونیئر ایشیا کپ”کی بھرپور تیاریوں کے لیے قومی تربیتی کیمپ کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ایچ ایف پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی، نیشنل سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ قمر ابراہیم کی سفارشات پر صدر پی ایچ ایف کی جانب سے اس تربیتی کیمپ کی منظوری دے دی گئی ہے۔
قومی جونیئر ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ 28 اپریل سے 25 مئی 2026 تک نصیر بندہ ہاکی اسٹڈیم، اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 28 اپریل کی شام 5 بجے تک نصیر بندہ ہاکی اسٹڈیم میں ہیڈ کوچ قمر ابراہیم کو رپورٹ کریں۔
مزکورہ تربیتی کیمپ کے لیے 6 گول کیپرز کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں کسٹمز کے غلام مصطفی، آرمی کے مزمل عمر، سندھ کے نعمان خان، پنجاب کے حمزہ خالد، گلگت بلتستان کے میثم عباس اور بلوچستان کے حنیف شاہد شامل ہیں۔
دفاعی لائن مضبوط بنانے کے لیے عاصم حیدر، حسن اکبر (کسٹمز)، مزمل سعید (آرمی)، نعمان حنیف (پنجاب)، روحان خان (سندھ)، احسان، عزیر اور حسن نیاز (کے پی کے) کو طلب کیا گیا ہے۔ مڈ فیلڈ کے لیے عثمان بیگ، اسنان خان، زمان گجر (کسٹمز)، وقاص نعیم، امان حسین، عبداللہ، شاہد اللہ (پنجاب)، عثمان اصغر (آرمی) اور عثمان غنی (سندھ) کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
فارورڈ لائن میں سب سے زیادہ 23 کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے، جن میں محمد عثمان، عبداللہ اعوان، عدیل افضل، محمد حمزہ، یحییٰ نجیب (کسٹمز)، علی حنزلہ، سلمان یاسین، شعیب سلطان، زین (آرمی)، رانا عبدالسمیع، زنیر، ابو سفیان، فرحان اسلم، حسین نور، زین عابد، ارسلان، احسان الٰہی، تیمور (پنجاب)، شرجیل، عباس (کے پی کے)، عبدالباسط (اسلام آباد)، فیضان اور فاخر ناصر (سندھ) شامل ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 14 کھلاڑیوں کو اسٹینڈ بائی لسٹ میں رکھا ہے جو ضرورت پڑنے پر ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
کیمپ میں مدعو کیے گئے کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ہمراہ درج ذیل اشیاء اور دستاویزات لازمی لائیں جس میں اپنے متعلقہ محکموں کا این او سی (NOC)۔،پاسپورٹ (جس کی میعاد کم از کم 6 ماہ ہو)،8 عدد پاسپورٹ سائز تصاویر، مکمل پلیئنگ کٹ (رنگین اور سفید) ہوگی۔
تربیتی کیمپ کی نگرانی کے لیے تجربہ کار آفیشلز کا تقرر کیا گیا ہے جن میں قمر ابراہیم (ہیڈ کوچ)، ریحان بٹ، عمر بھٹہ، اور یاسر اسلام (کوچز) شامل ہیں،عدیل اختر بطور فزیوتھراپسٹ اور سید ابوذر امراؤ بطور ویڈیو اینالسٹ اپنی خدمات انجام دیں گے۔


