کوئٹہ(سٹاف رپورٹر )وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سول ہسپتال کوئٹہ میں تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی لیڈی ڈاکٹر کے والد سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے متاثرہ ڈاکٹر کی خیریت دریافت کی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیراعلی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزم کی فوری گرفتاری اور قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

دوسری جانب صوبائی وزیرِ صحت بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو مزید بہتر علاج معالجے کے لیے ائیر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کرنے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

صوبائی وزیرِ صحت بخت محمد کاکڑ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ائیر ایمبولینس بالکل تیار ہے جس میں ماہر ڈاکٹرز اور طبی عملہ بھی ہمراہ موجود ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور حکومت ان کے علاج کے تمام اخراجات خود برداشت کرے گی، جبکہ ان کی مکمل صحت یابی تک ہر ممکن طبی و انتظامی معاونت فراہم کی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات تیز رفتاری سے جاری ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزم تک پہنچنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ خواتین ڈاکٹرز، طبی عملے اور مریضوں کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی بلکہ انہیں عبرتناک انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *