پشین (نمائندہ خصوصی)پشین کے نواحی علاقے کلی شخالزئی میں دو مسلح گروہوں کے درمیان اراضی یا دیرینہ رنجش کے تنازع پر ہولناک تصادم ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا ہے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کلی شخالزئی کے مقام پر دو مخالف گروہوں کے مابین تلخ کلامی کے بعد اچانک فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا، جس کی زد میں آ کر احسان اللہ نامی شخص موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واقعے میں گولیوں کی زد میں آنے سے دو افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے تاہم ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
خونی تصادم کے بعد پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس اور کشیدگی پھیل گئی ہے، جبکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز اور پولیس فورس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
