کوئٹہ(خ ن )وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فادرز ڈیکے موقع پر اپنے والد محترم غلام قادر بگٹی اور دنیا بھر کے تمام والدین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ باپ محبت، قربانی، رہنمائی اور استقامت کا وہ عظیم استعارہ ہے جو اپنی اولاد کے بہتر مستقبل کے لیے اپنی ہر خوشی اور قربانی دینے سے دریغ نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد ہمیشہ ایک مضبوط خاندان اور ایک باکردار باپ کی بہترین تربیت و اخلاقیات پر استوار ہوتی ہے؛ والدین کی بے لوث محبت، انتھک محنت اور ان گنت قربانیاں ہماری زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
وزیراعلی بلوچستان نے اپنے والد گرامی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد صاحب کی دعائیں اور مخلصانہ رہنمائی ان کی زندگی میں ہمیشہ طاقت، حوصلے اور ہر کامیابی کا اصل ذریعہ رہی ہیں، اور وہ آج جس مقام پر ہیں اپنے والد کی تربیت کی بدولت ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے فادرز ڈے کے اس پروقار موقع پر کائنات کے تمام والدین کے لیے نیک تمناں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی تمام زندہ والدین کو صحت، حقیقی خوشی اور درازی عمر عطا فرمائے اور جن کے والدین اس فانی دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں، پروردگار ان کی کامل مغفرت فرما کر درجات بلند کرے۔
